
واشنگٹن: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ فلسطین کو تسلیم کیے جانے تک ابراہیمی معاہدے پر کوئی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ابراہیمی معاہدے سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں لیکن پاکستان فلسطین کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک فلسطین کو تسلیم نہیں کیا جاتا، وہ 1967 سے پہلے والے ماڈل پر واپس نہیں جاتا اور قدس الشریف اس کا دارالحکومت نہیں بن جاتا، تب تک اس معاملے پر کوئی لچک نہیں آ سکتی۔ اسحاق ڈار نے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو سے بھی ملاقات کی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔


































