
تہران : ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ کسی معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی. معاہدے پر دستخط کی تاریخ اور مقام سے متعلق خبریں قیاس آرائی ہیں۔ اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مذاکراتی متن کا بڑا حصہ تیار ہے لیکن امریکا بار بار اپنی پوزیشن بدلتا رہا ہے۔ قطر اور پاکستان ثالثی کے عمل میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات سفارتی عمل کو متاثر کر رہے ہیں، ایران مذاکرات میں اپنی ریڈ لائنزپر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکام نے مذاکرات کے دوران نئی اور غیرحقیقی شرائط بھی پیش کیں اور فوجی حملوں کا سہارا بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ثابت کیا ہے کہ وہ دباؤ اور دھمکیوں کے باوجود اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم رہے گا.


































