
واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو میلر نے دھمکی دی ہے کہ ترکیہ سمیت کسی بھی ملک کو حماس کے ذمے داران کا استقبال نہیں کرنا چاہیے۔ میتھیو ملر نے نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ نے ترکیہ کی حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ حماس کے ساتھ مزید اس طرح معاملات نہیں چل سکتے، جیسے چلتے آرہے ہیں۔ انہوں نے حماس کے ترکیہ منتقل ہونے کی رپورٹوں پر کہا کہ وہ ان پر اختلاف کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں تاہم ان کے بقول واشنگٹن ترک حکومت پر واضح کر دے گا کہ حماس کے ساتھ مزید معمول کے مطابق کوئی معاملات نہیں ہوسکتے۔ ترجمان نے کہا کہ ترکیہ سمیت کسی بھی ملک کو حماس کے ذمے داران کا استقبال نہیں کرنا چاہئے۔ ہم نہیں سمجھتے کہ حماس کی قیادت کو کہیں بھی اطمینان سے رہنا چاہیے۔
اس سے پہلے ترکی کے سفارتی ذرائع نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ حماس کے سیاسی بیورو کے ارکان وقتاً فوقتاً ترکی کا دورہ کرتے ہیں لیکن یہ دعویٰ کہ حماس ترکیہ منتقل ہو گئی ہے حقیقت کی عکاسی نہیں کرتا۔


































