
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے معاملے میں وہی کریں گے جو میں چاہوں گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو ان کی خواہشات کے مطابق فیصلے کریں گے۔ یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران سے متعلق حالیہ ٹیلیفونک رابطے کی اطلاعات گردش کر رہی ہیں۔ امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق حالیہ رابطے میں ٹرمپ نے نیتن یاہو کو ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کے لیے عرب اور مسلم ممالک کی نئی ثالثی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اسرائیلی مؤقف ہے کہ ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام سے متعلق اہداف اب تک مکمل طور پر حاصل نہیں ہوئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ ایران جنگ کے خاتمے سے متعلق فیصلے امریکا اور اسرائیل باہمی مشاورت سے کریں گے۔


































