
تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے برطانیہ کو اسلامی جمہوریہ برطانیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سمیت یورپ کا اسرائیل کے بارے میں رویہ ماضی کے مقابلے میں تبدیل ہوچکا ہے۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کو دیے گئے ایک انٹرویو میں نیتن یاہو نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران اسرائیل کو حاصل برطانوی کی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب برطانیہ میں وہ حمایت نظر نہیں آتی۔ میزبان کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پورے یورپ کی یہی صورتحال ہے۔ انہوں نے مزید طنزیہ انداز میں کہا کہ کسی نے کہا تھا کہ جوہری ہتھیار رکھنے والی پہلی اسلامی جمہوریہ برطانیہ ہوگی۔ نیتن یاہو کے یہ اسلام مخالف بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب برطانیہ ستمبر میں اسرائیل کے خلاف نئی پالیسیوں کا اعلان کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔


































