
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے سات رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ مذاکراتی کمیٹی میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر، حلیم عادل شیخ، عون عباسی، مراد سعید اور حماد اظہر شامل ہیں۔ قبل ازیں عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے خالی عہدوں پر بھرتیاں شروع کرتے ہوئے عمر ایوب خان کو پی ٹی آئی کا سیکریٹری جنرل مقرر کر دیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق عمر ایوب خان بطور سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی پارٹی کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ واضح رہے کہ اسد عمر کے استعفی کے بعد سیکریٹری جنرل کا عہدہ خالی ہوگیا تھا۔


































