
اسلام آباد: پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کیخلاف اسلام آباد، پشاور، کراچی، لاہور، ملتان، فصل آباد اور سکھر سمیت مختلف شہروں میں عوام باہر نکل آئے اور انہوں نے سڑکیں بند کردیں۔ پشاور میں کارکنان نے پشاور موٹر وے انٹر چینج ایم ون بند کردیا۔ کارکنوں نے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ ہائی وے بلاک کردی ہے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنےکے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی۔ کارکنان نے اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کیا۔ بکرا منڈی چوک میں بھی کارکنان بے قابو ہوگئے اور کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی۔اسلام آباد مار گلہ روڑ بھرپور احتجاج کیا گیا اور سڑک بند کردی۔ بہارہ کہو میں لوگوں نے سڑک پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔ عوام کی جانب سے جانب داری نامنظور کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔ بھارہ کہو سے ایک ریلی شاہراہ دستور پر نکالی گئی۔ کارکنوں نے سری نگر ہائی وے بلاک کردی اور وہاں پر ٹائر جلائے جس سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ رحیم یار خان میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کرتے ہوئے باہر نکل آئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔کراچی میں کارکنوں نے شاہراہ فیصل پر احتجاج کیا اور ٹریفک معطل کردی۔


































