
کراچی : مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے مسجد اقصٰی میں صیہونی جارحیت اور فلسطین میں 70 برس سے ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری اور مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لئے کوششوں کو تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ستائیس رمضان جمعۃ الوداع کو یوم القدس منایا جائے گا، پاکستان بھر میں یوم القدس کے اجتماعات منعقد ہوں گے۔ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے سندھ بھر کی تمام جامع مساجد میں خطیب اپنے خطبوں میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور امریکا و اسرائیل کے مظالم بیان کریں گے جبکہ بعد نماز جمعہ احتجاجی ریلیاں و مظاہرے منعقد کئے جائیں گے، کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نور ایمان ناظم آباد کے باہر 2 بجے دن کیا جائے گا۔


































