
کراچی : مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے بھارت کی حکمران سیاسی جماعت بھارتی جنتا پارٹی کے ترجمان کی طرف سے نبی کریمؐ کی شان میں گستاخانہ کلمات پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک کو بھارت کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرکے ختمی مرتبت حضرت محمدؐ سے اپنے عشق و مودت کو واضح کرنا ہوگا، مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے والی بھارتی حکومت نے اب دین اسلام اور اس کی بنیادوں پر حملہ کرنا شروع کردیا ہے، اگر دنیا بھر کے مسلمان بھارتی مصنوعات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کریں تو مودی حکومت کی تباہی کا آغاز بھارت کے اندر سے شروع ہوجائے گا، آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا کسی کو حق حاصل نہیں۔ متعصبانہ سوچ کی بنیاد پر تاریخ کو مسخ اور باعظمت شخصیات کی توہین کرنے کی کسی کو قطعاََ اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی طرح اس کی جماعت کے اراکین بھی بیمار ذہنیت کے حامل ہیں، مسلم ممالک کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ بھارت کے خلاف عالمی سطح پر موثر انداز میں اپنی آواز بلند کریں اور اس کا معاشی مقاطعہ کرکے سزا دی جائے۔


































