
ڈھاکا: بنگلا دیش کی ایک عدالت نے معزول وزیرِ اعظم شیخ حسینہ اور ان کی حکومت میں شامل چھ اعلیٰ سطح کے عہدیداروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایک شہری نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے جس میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ، سابق وزیرِ داخلہ اسد الزمان خان، عوامی لیگ کے جنرل سیکریٹری عبید قادر اور پولیس کے چار اعلیٰ افسران کے خلاف قتل کا مقدمہ چلانے کی درخواست کی ہے۔ ڈھاکہ میٹروپولیٹن کورٹ نے شہری کی درخواست پر پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ ملزمان کے خلاف قتل کی تحقیقات کا آغاز کرے۔ قتل کا یہ مقدمہ ایک جنرل اسٹور کے مالک ابو سعید کے خیر خواہوں نے درج کرایا ہے جن کی گزشتہ 19 جولائی کو پولیس کی فائرنگ سے موت ہو گئی تھی۔ ادھر اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا کی جماعت بی این پی نے حسینہ واجد کیخلاف نسل کشی کا مقدمہ درج کرنے کیلئے آج اور جمعرات کو ملک بھر میں اپنے پارٹی دفاتر کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔جمعہ کو خالدہ ضیاء کی سالگرہ کے موقع پر ایک دعائیہ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور احتجاج میں ہلاک ہونے والوں کے لیے دعا کی جائے گی۔


































