
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں اسرائیلی فضائی حملوں اور غزہ میں کیے گئے مظالم کے مناظر دکھائے گئے، جس کے بعد ایران کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کی تباہ کاریوں اور ان پر لوگوں کے جشن منانے کی فوٹیج شامل کی گئی ہے۔ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح دنیا بھر میں لوگوں نے ایران کے ان حملوں کو سراہا، جو اسرائیل کے خلاف ردعمل کے طور پر کیے گئے۔ ویڈیو کے کیپشن میں لکھا ہےکہ وہ میزائل جو دنیا کے باوقار انسانوں کے لیے خوشی کا باعث بنے۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور ایران و اسرائیل کے درمیان عسکری محاذ آرائی شدت اختیار کر چکی ہے۔ ایران کا کہنا ہے کہ اس کے حملے صرف اسرائیلی جارحیت کے خلاف دفاعی ردعمل ہیں جبکہ عالمی سطح پر ان حملوں پر ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔


































