
لاہور : پنجاب میں پولیس نے اربعین کے موقع پر ہونیوالی مشی (اربعین واک) کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کا حکم دے دیا۔ پنجاب کی تمام ضلعی پولیس افسران، تمام ڈی ایس پیز ، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر پیدل مارچ کرکے جلوسوں میں شریک ہونے والے عزاداروں کے خلاف ہر صورت کارروائی کے احکامات جاری کردیئے۔ ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اربعین واک کا کوئی رواج نہیں تھا۔ 2020 میں یہ نیا طریقہ اختیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اربعین واک نے نہ صرف ملک میں انتشار پیدا کیا ہے بلکہ سیکیورٹی کے مسائل بھی پیدا کئے ہیں۔ اس سے پہلے کہ ملک میں یہ طریقہ عام ہوجائے اس کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ تمام ایس ڈی او اور ایس ایچ او اس رجحان کو روکنے کیلئے شیعہ علمائے کرام کو آن بورڈ لیں۔ اربعین واک پر قائم مقدمات کی پیروی کریں اور منتظمین کو سزا دلوا کر اس رجحان کی حوصلہ شکنی کریں۔ اربعین واک کیلئے فنڈز فراہم کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور انہیں پابند کریں اور ضمانتی بانڈ حاصل کریں۔


































