
مکہ : مناسک حج کی ادائیگی کے بعد منیٰ کی عارضی خیمہ بستی خالی ہوگئی اور بیشتر حجاج طواف الوداع کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ بہت کم تعداد میں حجاج اس وقت منیٰ میں مقیم ہیں جو آج سورج غروب ہونے سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔ دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام اس وقت مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں جن کی وجہ سے شہر مقدس کی رونقیں دوبالا ہو گئی ہیں۔ طواف الوداع کرنے کے بعد حجاج کی واپسی کا پروگرام شروع کر دیا جائےگا۔ وہ حجاج جو حج سے قبل براہ راست جدہ اور یہاں سے مکہ مکرمہ آئے تھے انہیں مدینہ منورہ لے جایا جائے گا جہاں وہ چند روز قیام کے بعد اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں گے۔ براہ راست مدینہ منورہ آنے والے حجاج مرحلہ وار اپنے شیڈول کے مطابق مملکت سے روانہ ہوں گے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔


































