
پشاور: افغان سرحدی علاقے جنوبی وزیر ستان میں فوجی آپریشن کے دوران دو جوان شہید اور 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فوجی ترجمان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے ضلع زرملان میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔ اس دوران فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس میں دو فوجی لانس نائیک شعیب علی اور سپاہی رفیع اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔ فوج نے آپریشن جاری رکھنتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔


































