
لندن : برطانوی طبی ماہرین نے وزیر اعظم سرکیئر اسٹارمر سے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے اور غزہ میں جاری ناقابل تصور ظلم کو ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ڈاکٹروں، نرسوں، سرجنوں اور طبی پیشہ ور افراد پر مشتمل گروپ نے غزہ میں رضاکارانہ خدمات کے دوران پیش آنے واقعات اور اپنے تجربات کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے لکھا کہ غزہ میں مرنے والوں کی اصل تعداد کا پتہ لگانا ناممکن ہے وزارت صحت نے جن چالیس ہزار افراد کے اعداد وشمار دئے ہیں وہ صرف شناخت شدہ لاشوں کے ہیں جبکہ انہوں نےغزہ میں خدمات کے دوران لاتعداد لاشیں دیکھی ہیں بیشتر مسخ ہونےکی وجہ سے قابل شناخت نہیں تھیں۔ طبی ماہرین نے لکھا کہ اسرائیل نے خیموں پر بمباری کرنا اور غذائی قلت کا شکار آبادی کو ان علاقوں میں دھکیلنا بند نہیں کیا ہے جہاں پانی یا بیت الخلاء کی سہولت موجود نہیں ہے۔ طبی ماہرین نے اسرائیل کی فوجی مدد کو ختم کرنے کے علاوہ غزہ میں کراسنگ کو امداد کی ترسیل کے لیے کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔


































