
لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں بی بی پاکدامنؒ کے مزار اور قبرستان کے متعلق متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔ بی بی پاک دامنؒ مزار کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے قائم کی گئی 4 رکنی کمیٹی نے دورے کے بعد اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ عدالت نے بی بی پاکدامنؒ کے مزار اور قبرستان کی تعمیر روکنے کے حکم میں 9 ستمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے متفرق درخواست پر محکمہ اوقاف سے بھی جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کے وکلاء مثبت سوچ کیساتھ مل بیٹھ کر موجودہ نقشے میں اگر کوئی تبدیلی ممکن ہو تو اس حوالے سے آگاہ کریں۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ یاد رکھیں اس کام کا اجر آپ کو اللہ تعالی کی ذات عطاء فرمائے گی۔ دنیا بھر میں مزارات کی تعمیرات اور تزئین و آرائش کے متعلق ماہرین ہوتے ہیں۔ لیکن یہاں عام مستری کو کام سونپ دیا جاتا ہے۔ آرکیٹیکٹ کا انتخاب کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ وہ اس کام میں مہارت بھی رکھتا ہے یا نہیں۔ عدالت جذبات کی بجائے حقائق پر مبنی دلائل کو مدنظر رکھے گی۔ آپ کی سوچ مثبت اور طرز عمل حقائق پر ہونا چائیے۔ اس کیس کو ہار جیت کا مسئلہ نہ بنائیں۔


































