
نیویارک : انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی زندگی کو سہارا دینے والا بنیادی ڈھانچہ اب بھی شدید خطرے میں ہے۔ ہیومن رائٹس واچ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ اکتوبر 2025 کی جنگ بندی کے چھ ماہ بعد بھی غزہ میں انسانی بحران برقرار ہے۔ اسرائیلی اقدامات انسانی امدادی راستوں اور بنیادی ڈھانچے کو متاثر کر رہے ہیں۔ اسرائیلی کارروائیوں اور امدادی رکاوٹوں سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق اقوام متحدہ کے تحت قائم بورڈ آف پیس سلامتی کونسل کو پیش رفت رپورٹ دینے کی تیاری کر رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 856 فلسطینی جاں بحق اور 2,463 زخمی ہوئے ہیں، جن کے اعداد و شمار غزہ وزارت صحت کے ہیں۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ میں پھیلتی بیماریاں، گندا پانی اور تباہ شدہ نکاسی آب کا نظام انسانی صورتحال کو مزید خطرناک بنا رہا ہے۔


































