
بیروت : لبنان کی پارلیمنٹ نے آئندہ سال 27 مارچ کو پارلیمانی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی۔ اس اقدام کے بعد وزیراعظم نجیب میقاتی کی حکومت کو عالمی مالیاتی فنڈ سے معاشی بحالی کا پیکج حاصل کرنے کے لیے صرف چند ماہ کا وقت مل سکے گا۔ لبنان میں آئندہ سال مئی میں انتخابات ہونا تھے لیکن رمضان کا مقدس مہینہ مئی میں آرہا ہے اس لیے مارچ میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئی پارلیمنٹ منتخب ہونے کے بعد میقاتی کابینہ صرف اس وقت تک نگران کا کردارادا کرے گی جب تک نئے وزیر اعظم کو اعتماد کا ووٹ نہیں مل جاتا اور نئی حکومت کی تشکیل کا کام سونپ نہیں دیاجاتا ہے۔ لبنان کو اس وقت شدید مالی بحران کا سامنا ہے۔عالمی بینک نے جدید تاریخ میں اس کو شدید ترین کسادبازاری سے تعبیر کیاہے۔ملک میں گذشتہ ایک سال سے جاری سیاسی تعطل کی وجہ سے اس میں مزید شدت آئی ہے۔


































