
بیروت: لبنان نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے حالیہ برس کے سب سے بڑے کریک ڈاؤن میں کم از کم 17 اسرائیلی جاسوس نیٹ ورکس کو بے نقاب اور اس کے وابستہ 21 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قائم مقام وزیر اطلاعات عباس حلبی نے بتایا کہ وزیر داخلہ بسام مولوی نے کابینہ کو آگاہ کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے اسرائیل کے لیے کام کرنے والے 17 جاسوسی نیٹ ورکس پر قابو پالیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ گرفتاریاں لبنان کی اندرونی سیکیورٹی فورسز (آئی ایس ایف) کی جانب سے کی گئی کارروائی کا حصہ تھیں۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بیری نے آپریشن کو شاندار کامیابی قرار دیا۔


































