
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دھمکیاں دینے کے الزام میں ن لیگ کے سابق وائس چیئرمین حافظ آباد رائے قمر زمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ رائے قمر زمان کو گاؤں کالیکی کے قریب سے گرفتار کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے عمران خان کو دھمکیاں دینے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے رائے قمر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا تھا۔ چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو دھمکیاں دینے والے کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور اس کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وفاقی وزیر عطاء تارڑ، اور سائرہ افضل تارڑ کی موجودگی میں لیگی رہنما اور سابق وائس چئیرمین رائے قمر نے عمران خان کو سرعام دھمکیاں دی تھیں۔ اس نے کہا تھاکہ فائرنگ ہم نے نہیں کرائی اگر ہم ماریں تو بچ کے دکھانا۔ میں فائر مارنے والے کے لیے وکیل بھی کروں گا اور اس سے ملاقاتیں بھی کروں گا۔


































