
اسکردو ائیرپورٹ نے ایک اور تاریخ رقم کر لی۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ دبئی سے اسکردو براہ راست پرواز کا آغاز ہو گیا۔ یوم آزادی کے موقع ہر دبئی سے پہلی فلائٹ اسکردو ائیرپورٹ پہنچ گئی۔ اس موقع پر فلائٹ کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کاظم میثم نے کہا ہے کہ اسکردو ائیرپورٹ کو انٹرنیشنل کا درجہ دلانے اور اس کی تعمیر نو کرانے پر سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان اور اسکردو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کرانے پر ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضی اور ائیر سکیورٹی فورسز اور اس میں نمایاں کردار ادا کرنے والے تمام اداروں کے سربراہان بشمول کمشنر بلتستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان سب کی قابل تحسین کاوشوں سے اسکردو میں بین الاقوامی پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ آج کا دن گلگت بلتستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ثابت ہوگا۔ اس گیم چینجر آپریشن سے پورے گلگت بلتستان میں ترقی کے نئے ابواب کھلیں گے۔ سیاحت کے نئے مواقع ملیں گے اور پوری دنیا تک ایکسز آسان ہوجائے گی۔


































