
کراچی: کراچی میں انسداد دہشتگردی ڈپارٹمنٹ نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی نےخفیہ اطلاع پر گارڈن کے علاقے میں چھاپہ مارا اور کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے کارکن محمد صدیق ولد ناصرالدین کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش اکتوبر 2004 میں اپنے ساتھیوں سمیت بوہری فرقے سے تعلق رکھنے والے اپنے سیٹھ غلام مرتضیٰ کو اغواء کرکے قتل کیا اور لاش نیو کراچی کی حدود میں پھینک دی تھی جس کا مقدمہ تھانہ نیو کراچی میں درج کیا گیا تھا۔ ملزم نے 2010 میں اپنے ساتھیوں سمیت کتابوں کی دکان کے مالک 67 سالہ ایوب نقوی کی اس وقت ٹارگٹ کلنگ کی جب وہ اپنی گاڑی میں جارہے تھے۔ ملزم نے مزید بتایا کہ ایوب نقوی کو قتل کرنے کے بعد گھر پر متعدد چھاپے پڑے اور وہ گرفتاری کے ڈر سے حیدرآباد میں روپوش ہوگیا تھا۔


































