
لاہور: لاہور میں نعرہ حیدری لگانے پر تھیم پارک کے سیکیورٹی گارڈ نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔ 22 سالہ نوجوان توقیر عباس کے والد رستم علی کے مطابق وہ اپنے بیٹے کے ساتھ فجر کی نماز پڑھ کر جا رہے تھے راستے میں توقیر علیؑ حق علیؑ حق کے نعرے لگارہا تھا۔ ملتان روڈ پر واقع پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹی تھیم پارک کے سیکیورٹی گارڈ نے توقیر کو نعرے لگانے سے منع کیا لیکن توقیر نعرے لگانے سے باز نہیں آیا۔ وہ گھر پہنچے تو سوسائٹی کے گارڈ حاجی خوشی، ایڈمن افسر ہارون اور ہارون کا بیٹا، ان کے گھر پر حملہ آور ہوگئے اور توقیر حسین کو زبردستی اُٹھا کر سوسائٹی کے دفتر لے گئے۔رستم علی کے بقول وہ اپنے بیٹے شکیل حسین اور ہمسائے کاشف کو لے کر سوسائٹی آفس پہنچے، تو ملزمان توقیر کو تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے سیکیورٹی گارڈ اور ایڈمن افسر سے معافی مانگی اور یقین دلایا کہ توقیر آئندہ نعرے نہیں لگائے گا۔ لیکن انہوں نے ایک نہ سنی اور توقیر حسین کے ہاتھ پاؤں باندھ کر تشدد کرتے رہے، جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ توقیر حسین کے والد نے اندراج مقدمہ کیلئے تھانہ سندر لاہور میں درخواست دیدی، جس پر پولیس نے گارڈ اور ایڈمن افسر کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملزمان کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔


































