
کراچی: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے فلسطینیوں پر مسلسل جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں 16 مئی کو اسرائیل کے ناپاک وجود کے خلاف ”یوم مردہ باد امریکہ و نا منظور اسرائیل” کے عنوان سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے ”مرکزی امریکہ مردہ باد و نامنظور اسرائیل ریلی” نمائش چورنگی سے کراچی پریس کلب تک نکالی گئی، جس میں شیعہ علماء کونسل کراچی کے صدر مولانا کامران عابدی، علامہ مرزا یوسف، ہیت آئمہ مساجد کے رہنماء علامہ رضی حیدر، فلسطین فاؤنڈیشن کے رہنماء ڈاکٹر صابر ابومریم سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ 14 مئی وہ دن ہے کہ جس دن اسرائیل کا ناپاک وجود عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی طرح گھونپا گیا اور 16 مئی وہ دن ہے کہ جب امریکا نے ناجائز اولاد کے وجود کو نہ صرف سفارتی سطح پر تسلیم کیا بلکہ دوسرے کمزور ممالک کو بازور قوت تسلیم کروایا اور مسلمانوں اور مستضعفین کے خلاف ایک بین الاقوامی استکباری سازش کو پروان چڑھایا اور اسرائیل کے وجود کو قوت بخشی، اسی لئے اس دن کو قائد ملت جعفریہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ نے یوم مردہ باد امریکا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو وجود میں لانے کا سب سے بڑا سبب امریکہ اور برطانیہ ہیں جو آج بھی اقوام متحدہ میں اس کے حامی اور پشت پناہ ہیں۔


































