
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کا بیان امپورٹڈ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔ عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ امریکی بیان پر میرے 2 سوالات ہیں: ایک ہماری جوہری صلاحیت کے بارے میں ۔ دوسرا امریکی صدر اس بلاجواز نتیجے پر کن معلومات کی بنیاد پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ وزارتِ عظمیٰ کےمنصب پر فائز رہنے کےباعث میں جانتاہوں کہ ہمارا جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم دنیاکے محفوظ ترین نظاموں میں سے ایک ہے۔عمران خان نے سوال اٹھایا کہ امریکا خود تو دنیا بھر میں جنگوں میں ملوث رہا ہے، جس کے برعکس پاکستان نے خاص طور پر جوہری صلاحیت کے حصول کے بعد کب جارحیت کا مظاہرہ کیا؟۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت بھی نہایت اہمیت کی حامل ہے کہ بائیڈن کے بیان سے امپورٹڈ حکومت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی اور امریکہ سے تعلقات کی بحالی و ترتیب نو کے دعویٰ کی حیثیت جھلکتی ہے، کیا یہ ہے ترتیبِ نو ! یہ حکومت نااہلی کے تمام ریکارڈز توڑچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ یہ حکومت ہمیں معاشی بدحالی کی دلدل میں دھکیلنے اور اپنےلئے این آر او 2 کے بندوبست سمیت وائٹ کالر مجرموں کو ملک لوٹنے کا لائسنس تھمانے سے ہٹ کر ہماری قومی سلامتی پر بھی مکمل سمجھوتہ کر گزرے گی۔


































