
سابق فوجی سربراہ اور بیلو اینڈ وائٹ پارٹی کے رہنما بینی گانٹز کوحکومت سازی کیلئے مطلوب 61ارکان کی اکثریت حاصل، صدر کی حکومت سازی کی دعوت
عرب اتحاد اور اسرائیل بیت نو پارٹی کا بینی گانٹز کی حمایت کا اعلان،عرب اتحادحکومت کی حمایت کرے گا لیکن اس کا حصہ نہیں بنے گا، سربراہ ایمن عودے
مقبوضہ بیت المقدس (نیوز ڈیسک) اسرائیل میں دہشت گرد اور نسل پرست بنیامین نتن یاہو کے تیسری بار وزیراعظم بننے کے خواب چکنا چور ہوگئے،اسرائیلی صدرنے سابق فوجی سربراہ اور بیلو اینڈ وائٹ پارٹی کے رہنما بینی گانٹز کو مطلوبہ اکثریت ظاہر کرنے کے بعد باضابطہ طور پر حکومت سازی کی دعوت دیدی، یہ پیشرفت وزیر اعظم نتن یاہو کیلئے کسی دھچکے سے کم نہیں، اس سے پہلے عرب اتحاد کے سربراہ ایمن عودے اور سابق وزیر داخلہ اور اسرائیل بیت نو پارٹی کے سربراہ لائبر مین نے بینی گانٹز کی حمایت کا اعلان کیا تھا اس حمایت کے بعد بینی گانٹز کو حکومت سازی کیلئے مطلوب 61ارکان کی اکثریت حاصل ہوگئی تھی، عرب اتحاد نے بینی گانٹزکی حمایت بنیامین کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنے کیلئے کی تاہم وہ حکومت کا حصہ نہیں ہوگی،عرب اتحاد نے ایک سال میں ہونے والے تیسرے ا لیکشن کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 15نشستوں پر کامیابی حاصل کی،ستمبر 2019کے الیکشن میں اسے 10نشستوں پر کامیابی ملی تھی جبکہ اپریل کے الیکشن میں اس کی نشستوں کی تعداد 13رہی تھی۔


































