
واشنگٹن: امریکہ نے اسرائیل کو حزب اللہ سے جنگ کی صورت میں آئرن ڈوم سسٹم کے ناکارہ ہونے کے خدشے سے آگاہ کردیا ہے۔ امریکی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے امریکی عہدیدار نے کہا کہ حزب اللہ سے اسرائیل کی جنگ تباہ کن ہوسکتی ہے۔ امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان مکمل جنگ کی صورت میں لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ ممکنہ طور پر شمالی اسرائیل کے فضائی دفاع کو ناکارہ بناسکتی ہے۔ جس میں جدید ترین آئرن ڈوم سسٹم بھی شامل ہے۔ ان خدشات سے اسرائیلی حکام بھی آگاہ ہیں۔ اسرائیل مبینہ طور پر جنوبی غزہ سے شمالی اسرائیل کی طرف وسائل منتقل کر کے حزب اللہ کے خلاف ممکنہ حملے کی تیاری کر رہا ہے۔ امریکی حکام کا خیال ہے کہ آئرن ڈوم کی بعض بیٹریاں حزب اللہ کے میزائلوں اور ڈرونز کے وسیع ہتھیاروں سے تباہ ہو سکتی ہیں۔ اگر حزب اللہ نے درستگی سے گائیڈڈ میزائلوں اور ہتھیاروں کا استعمال کیا تو اسرائیل کے لیے مسائل بڑھ سکتے ہیں۔
حزب اللہ نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک ڈرون کو مبینہ طور پر شمالی اسرائیل میں آئرن ڈوم کی بیٹری کو نقصان پہنچاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کے بارے میں اسرائیلی حکام کا خیال ہے کہ یہ نظام کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔


































