
غزہ : غزہ میں غیر انسانی حملوں کے ساتھ ساتھ صیہونی فوج نے جنگ کو مغربی کنارے میں بھی وسعت دیدی ہے۔ غزہ میں صیہونی فوج نے بدھ کی رات سے فضائی حملوں میں المواصی، المغازی، بیت الحنون اور خان یونس کو نشانہ بنایا۔ خیمہ بستی اور رہائشی عمارتوں پر حملے کئے گئے۔ رفح میں اسرائیلی فوج نے ایک گاڑی کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ حملوں میں سترہ فلسطینی شہید اور چھپن زخمی ہوگئے۔
ادھر صیہونی فوج کا مغربی کنارے میں ایک ہفتے سے آپریشن جاری ہے۔ طوباس میں ایک گاڑی پر ڈرون حملہ کیا گیا جس میں چھ فلسطینی شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ فرح مہاجر کیمپ میں سولہ سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے مشرقی جنین کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے جہاں چار ہزار سے زائد فلسطینی قیام پذیر ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے میں مکمل جنگ کی صورتحال پیدا کررہا ہے ۔ غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد چالیس ہزار 878 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد چورانوے ہزار 454 تک جاپہنچی ہے۔


































