
غزہ : اسرائیل کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ حماس کی جانب سے جنگ بندی تجاویز کی منظوری کے باوجود رفح کے مشرقی علاقے پر حملہ کردیا۔ فضائی حملے میں کئی مکانات تباہ ہوگئے حملے میں 34 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کا کہنا ہے کہ حماس کی طرف سے منظور کردہ تجاویز اسرائیل کے مطالبات پر پورا نہیں اترتی۔ لیکن اسرائیلی حکومت مذاکرات کے لیے وفد بھیجے گی۔
ادھر قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر کا وفد آج قاہرہ جائے گا تاکہ اسرائیل حماس کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے وزیراعظم و وزیرخارجہ قطر محمد بن عبدالرحمان کو بذریعہ ٹیلی فون فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے رفح پر حملہ روکنے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کی تعمیر نو کیلئے معاہدے کو قبول کرلیا ہے. غزہ میں حماس کی جانب سے جنگ بندی کی شرائط کو منظورکرنے کے بعد فلسطینیوں نے جشن منایا اور خوشی سے نعرے بازی کی۔


































