
تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ترک صدر کو شام میں مداخلت سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ترکیہ کو خطرناک مہم جوئی کی طرف لے جا رہے ہیں۔ اسرائیل کسی بھی فریق کو اپنی سلامتی کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دے گا۔ اسرائیل کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں اردوان کو مشورہ دیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف ترک پارلیمنٹ میں محض بیانات دینے تک محدود رہیں۔ کاٹز نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے اپنے دفاع کے عزم کو آزمانا ترکی کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ یہ بیان شام میں ترک فوجی موجودگی سے متعلق اسرائیل کے خدشات اور حالیہ اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔


































