
غزہ: غزہ میں صیہونی درندگی تھم نہ سکی۔ اسکول۔ اسپتال اور مکانات پر حملوں میں اٹھائیس فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے شیخ رضوان محلے میں الہمامہ اسکول کو دُہرے حملے کا نشانہ بنایا۔ یہ اسکول ایک پناہ گزین کیمپ تھا، جہاں سینکڑوں افراد موجود تھے۔ صیہونی فوج کے پہلے حملے میں دس افراد شہید ہوئے۔ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو نکالنے اور مدد کرنے میں مصروف تھیں کہ صیہونی فوج نے پھر بم برسادئے۔ جس کے نتیجے میں مزید 7 فلسطینی شہید ہوگئے۔ دونوں حملوں میں ساٹھ فلسطینی زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج نے دیر البلاح میں الاقصیٰ شہداء اسپتال کے صحن میں لگے متاثرین کے خیموں پر بم برسادئے۔ فضائی حملے میں تین افراد شہید اور 18 زخمی ہوگئے۔ جبالیہ کے علاقے الفخورہ میں گھر پر حملے میں بھی چار فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے۔ دیر البلاح میں بھی ایک گھر کو ڈرون نے نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں مزید تین فلسطینی شہید ہوگئے۔


































