
غزہ : اسرائیل کے جنگی طیاروں اور ڈرونز نے رات بھر غزہ پر آتش وآہن کی بارش جاری رکھی۔ صیہونی حملوں میں مزید درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی جنگی طیاروں نے بمباری کرکے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں کئی منزلہ عمارت کو ملیامیٹ کردیا۔ جس کے نتیجے میں چالیس فلسطینی شہید ہوگئے۔ عمارت میں متاثرین کی بڑی تعداد مقیم تھی۔ کئی افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں۔ جنوبی خان یونس میں امداد کے منتظر متاثرین پر حملے میں ورلڈ سینٹرل کچن اور سیو دی چلڈرن کے چار ارکان سمیت سولہ افراد شہید ہوگئے۔ حملے میں غزہ سوپ کچن کے شیف محمود المدہون بھی شہید ہونیوالوں میں شامل ہیں۔
المواصی میں دو بچے اور غزہ سٹی میں گیارہ فلسطینی جان سے گئے۔ غزہ میں خوراک کی تلاش میں ہجوم کی دھکم پیل سے دم گھُٹنے سے خاتون اور دو بچیاں شہید اور کئی متاثرین زخمی ہوگئے۔ غزہ میں خوراک کی ترسیل گذشتہ دو ماہ کے دوران انتہائی کم سطح پر آگئی ہے۔ جس سے قحط کے خدشات سر اٹھارہے ہیں۔


































