
بیروت : اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ایک اور حملہ کردیا۔ بیروت کے جنوبی علاقے دحیہ میں رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کے ایف 35 جنگی طیاروں نے بیروت پر 2 میزائل فائر کیے۔ حملے میں حزب اللہ رہنما ابراہیم عقیل سمیت دیگر کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں ابراہیم عقیل سمیت 14 افراد شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔ صیہونی فوج نے بیروت میں ٹارگٹڈ اسٹرائیک کی تصدیق کردی۔ شہدا میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
ابرھیم عقیل حزب اللہ کی جہاد کونسل کے رکن ہے، انہوں نے فواد شکر کی جگہ لی تھی، جو 30 جولائی کو بیروت میں اسرائیلی ٹارگٹ کلنگ حملے میں شہید ہوئے تھے۔
ادھر حزب اللہ نے اسرائیل پر دو سو کے قریب راکٹ داغ دئے۔ حملے میں کئی اسرائیلی چیک پوسٹوں اور مواصلاتی نظام کو نشانہ بنایا گیا۔ راکٹ لگنے سے کئی فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اٹھی۔ بالائی الجلیل کے علاقے میں میتولا بستی میں 50 مکانات کو بھاری نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی ماہرین کا کہناہےکہ اسرائیل لبنان میں اپنی کارروائیوں کو دوگنا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس کی کوشش ہےکہ حزب اللہ کو دریائے لطانی سے آگے دھکیل دیا جائے اور بے گھر اسرائیلیوں کو ملک کے شمال میں واپس جانے کی اجازت دی جائے۔


































