
بیروت : لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اسرائیل سے لبنانی سرزمین سے انخلا کے لیے واضح ٹائم فریم مقرر کرنے پر زور دیا ہے۔انہوں نے جنوبی لبنان میں حملوں کا سلسلہ ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے بیروت میں امریکی سفیر مائیکل عیسیٰ اور لبنان کے لیے امریکی فوجی رابطہ گروپ کے سربراہ جنرل جوزف کلیئر فیلڈ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے فوجی پہلو اور جنوبی لبنان کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نواف سلام نے اسرائیل سے لبنانی علاقوں سے انخلا کے لیے واضح ٹائم فریم طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اسرائیلی کارروائیاں روکنے اور پائلٹ علاقوں کا دائرہ کار بڑھانے پر بھی زور دیا۔
لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے بھی امریکی حکام سے ملاقات میں اسرائیلی حملوں اور خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ استحکام کی کنجی اسرائیل کو جنگ روکنے اور بین الاقوامی سرحد تک واپس جانے پر مجبور کرنا ہے۔ امریکی سفیر مائیکل عیسیٰ نے مذاکرات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت جاری رہے گی، تاہم اگلے دور کی تاریخ نہیں بتائی گئی۔


































