
برسلز: یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے عہدیدار جوزپ بوریل نے کہا ہے کہ غزہ کو ملبے کا میدان بننے اور ایک اور صومالیہ میں تبدیل ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ العربیہ نیٹ ورک کو انٹرویو میں جوزپ بوریل نے کہا کہ غزہ جنگ کے طول پکڑنے کا امکان ہے۔ مغربی کنارے میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ خطرناک اور بین الاقوامی قانون کا تکلیف دہ امتحان بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مغربی کنارے کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے اور ایک علاقے کے دوسرے سے الحاق کرنے منصوبے پر منظم طریقے سے کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین جنگ بندی کے حصول اور دو ریاستی حل کو لاگو کرنے کے لیے اپنے اتحادیوں کے ساتھ تین اوورلیپنگ مراحل میں کام کر رہی ہے۔ پہلا مرحلہ غزہ میں جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور امداد کے داخلے سے شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ممالک تباہ حال فلسطینی سیکٹر میں جنگ کو روکنے اور دو ریاستی حل پر عمل درآمد کی طرف بڑھنے کے لیے عرب شراکت داروں کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔


































