
نیویارک: اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے رفح اور غزہ میں اسرائیلی آپریشن روکنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ فلیپو گرانڈی نے رفح اور غزہ کی صورتحال کو بھیانک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو کچھ دنیا غزہ کے بارے میں دیکھ رہی ہے اس سے کہیں زیادہ بھیانک صورتحال غزہ اور رفح میں ہے۔ اسرائیل نے فلسطینیوں کو ان کی سرزمین پر مہاجر بنادیا ہے اور مہاجر سے زیادہ فلسطینی دربدر ہیں جنہیں پورے علاقے میں کوئی محفوظ پناہ گاہ میسر نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل رفح کے باشندوں کو بار بار ہجرت پر مجبور کررہا ہے۔غزہ میں بھوک اور پیاس کی شدت سے بچے اور خواتین دم توڑ رہے ہیں۔اسرائیلی بمباری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جس سے بچوں میں ذہنی امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔


































