
ایتھنز: اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے کہاہےکہ اسرائیل فلسطینی سرزمین کو اپنے ہتھیاروں اور جاسوسی کے پروگراموں کی آزمائش کے لیے تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کررہا ہے۔ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں اپنی نئی کتاب کی تقریبِ رونمائی کے دوران فرانسسکا البانیز نے کہا کہ بعض ممالک اسرائیل کے ساتھ اتحاد کو غلط انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ البانیز نے کہا کہ یہ تصور درست نہیں کہ یونان نے اسرائیل کو اپنے تحفظ کے لیے منتخب کیا ہے بلکہ اسرائیل اپنے مفادات کے لیے ممالک کا انتخاب اور استعمال کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کے لیے یونان اور دیگر ممالک کے خوف اور غیر یقینی صورتحال سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔
فرانسسکا البانیز نے یاد دلایا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف اور بین الاقوامی فوجداری عدالت میں اسرائیل پر نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات ہیں۔ ان کے مطابق ریاستوں پر قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان مبینہ جرائم میں کسی بھی قسم کی معاونت نہ کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کو ہتھیار یا تجارتی سامان کی ترسیل کی اجازت دینے والے ممالک قانونی طور پر جوابدہ ہو سکتے ہیں، اور ایسے اقدامات نہ صرف اخلاقی طور پر بلکہ قانونی طور پر بھی غلط ہیں۔


































