
روم: اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ پر حملہ کرکے حماس کے جال میں پھنس گیا ہے۔ اطالوی وزیراعظم نے جی سیون اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں سوال کیا کہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے وہ کس نے شروع کیا؟۔ مجھے لگتا ہے کہ اسرائیل حماس کے بچھائے گئے جال میں پھنس گیا ہے۔ حماس کا مقصد اسرائیل کو تنہا کرنا تھا اور یہ ہدف کام کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو صدر بائیڈن کے طے کردہ امن منصوبے کو قبول کرنے کے لیے تیار ہونا چاہیے جو کہ غزہ سے مکمل اسرائیلی انخلاء کی بنیاد پر مستقل جنگ بندی چاہتا ہے۔ انہوں نے یوکرین میں امن کے لیے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی تجویز کو ’پروپیگنڈا‘ قرار دیا اور کہا کہ مذاکرات کی پیشکش کا ٹھوس تجویز سے زیادہ پروپیگنڈے سے تعلق ہے۔


































