
لندن : انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل کو غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کا مجرم قرار دے دیا۔ لندن میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم کی جاری رپورٹ کے مطابق اسرائیل غزہ میں گذشتہ سال جنگ شروع ہونے کے بعد سے نسل کشی کررہا ہے۔ ایمنسٹی نے اپنی رپورٹ کو عالمی برادری کے لیے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اس نے یہ نتائج اسرائیلی حکومت اور فوجی حکام کے غیر انسانی اور نسل کشی پر مبنی بیانات، تباہی کی سیٹلائٹ تصاویر، فیلڈ ورک اور غزہ کے باشندوں کی زمینی رپورٹس کی بنیاد پر اخذ کیے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سربراہ ایگنس کیلامارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ ایک غیر انسانی گروہ کے طور پر برتاؤ کیا ہے جو انسانی حقوق اور وقار کے منافی ہے۔


































