
جنیوا: عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران لبنان میں صحت کے مراکز اور طبی عملے پر ایک سو نوّے حملوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ اسرائیلی حملوں کے باعث ملک کا صحت کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے۔ عالمی ادارۂ صحت کے لبنان میں نمائندے عبد الناصر ابوبکر نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ مارچ سے جاری تازہ اسرائیلی جارحیت کے بعد اب تک تین ہزار چار سو سے زائد افراد جاں بحق اور تقریباً دس ہزار چار سو زخمی ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر دو ہزار تئیس میں تنازع شروع ہونے کے بعد یہ لبنان کے لیے مہلک ترین ادوار میں سے ایک ہے۔ ان کے مطابق صحت کے شعبے پر حملوں میں ایک سو اٹھائیس طبی کارکن جان سے گئے جبکہ تین سو بتیس زخمی ہوئے۔
عالمی ادارۂ صحت نے خبردار کیا کہ ان حملوں سے نہ صرف جانی نقصان ہو رہا ہے بلکہ عوام ضروری طبی سہولیات سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔ ادارے کے مطابق لڑائی سے بے گھر ہونے والے تقریباً ایک لاکھ تیس ہزار افراد اس وقت پناہ گاہوں میں مقیم ہیں اور یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔


































