
تل ابیب: اسرائیلی فوج نے پہلی بار غزہ میں پانچ سالہ فلسطینی بچی ہند رجب کی گاڑی پر فائرنگ کی تصدیق کردی۔ حملے میں ہند رجب اور اہلخانہ سمیت سات افراد شہید ہوئے تھے۔ پانچ سالہ ہند رجب 2024 میں غزہ میں اپنے چھ رشتہ داروں کے ساتھ ایک گاڑی میں سفر کر رہی تھی، جس پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی۔ حملے میں ہند رجب ابتدا میں زندہ بچ گئی تھی اور کئی گھنٹوں تک فون پر ہلال احمر کے اہلکاروں سے مدد کی اپیل کرتی رہی۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ابتدائی جائزے میں تصدیق ہوئی ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے گاڑی پر فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ گاڑی کی مبینہ طور پر جاری کردہ ہدایات کے برخلاف نقل و حرکت کے باعث کی گئی۔ واقعے کی مجرمانہ تحقیقات کی جائیں گی۔
اس سے قبل فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ واقعے کے وقت اس کے اہلکار علاقے میں موجود نہیں تھے۔ ہند رجب کی مدد کے لیے کی جانے والی آخری فون کال کی ریکارڈنگ دنیا بھر میں نشر ہونے کے بعد یہ واقعہ عالمی توجہ کا مرکز بن گیا تھا۔


































