
اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ اسلامی تحریک پاکستان نے ضمنی انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے ،گذشتہ روز اسلامی تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے مابین مذاکرات کے نتیجے میں مفاہمت عمل میں آئی ہے ،آنے والے ضمنی انتخابات میں اسلامی تحریک پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی حمایت کرے گی ، یہ مفاہمت مسلم لیگ ن کے لئے اور پاکستان کے لئے ایک مثبت پیشرفت ہے ۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے شیعہ علماء کونسل کے عہدیداران سے ملاقات کے بعد نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ایک وسیع البنیاد منتخب جمہوری حکومت محمد شہباز شریف کی سربراہی میں موجود ہے ،ہمیں بڑی خوشی ہے کہ اس جمہوری کاررواں میں اسلامی تحریک پاکستان نے بھی ضمنی انتخابات کے اگلے مرحلے کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہاکہ اسلامی تحریک پاکستان کی حمایت سود مند اور خوش آئند ہے اور آنے والے 2023 کے انتخابات میں بھی کوشش کریں گے کہ ہم سب مل کر چلیں لیکن اس کا فیصلہ ابھی ہونا ہے ،یہ ایک مثبت پیشرفت ہے ۔اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسین میثمی ،مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری علامہ سید ناظر عباس نقوی ،مرکزی سیکریٹری اطلاعات زاہدعلی اخوندزادہ ،اسلام آباد کے سابق ڈپٹی میئر اور مسلم لیگی رہنماء ذیشان نقوی بھی موجود تھے ۔


































