
نیویارک: اقوام متحدہ نے افغانستان میں داعش کی بڑھتی ہوئی طاقت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے یورپ میں دہشت گردی میں اضافے سے خبردار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی سے متعلق انڈر سیکرٹری جنرل ولادی میر وورونکوف نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان کی طاقت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔ اس نے چھ ماہ میں افغانستان اور وسطی ایشیا کے علاقے میں اپنے لیے مدد بڑھا کر مالیاتی اور لاجسٹک صلاحیتوں میں اضافہ کر لیا ہے۔ وورونکوف کا کہنا تھا کہ گروپ نے اپنی بھرتی کی کوششوں کو تیز کر دیا ہے۔ داعش نے مغربی افریقہ میں اپنی کارروائیوں کے علاقوں میں اضافہ کر دیا ہے اور ان میں مضبوطی لے آئی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مالی سے لے کر شمالی نائیجریا تک کے علاقے داعش کے مؤثر کنٹرول میں جا سکتے ہیں۔ ولادی میر وورونکوف نے اپریل میں ماسکو کے میوزک ہال میں 145 ہلاکتوں اور بدھ کو ویانا میں ٹیلر سوئفٹ کنسرٹ پر حملہ کی مبینہ سازش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش نے اپنی طاقت دوبارہ مجتمع کرلی ہے۔


































