
جنیوا : عراق کے کویت پر 1990ء میں حملے کا تاوان دلوانے کے لیے قائم اقوام متحدہ کے کمیشن نے جنیوا میں حتمی رپورٹ پیش کردی ہے اور اس میں کہا گیا ہے عراق نے کویت کو تاوان اور معاوضے کی شکل میں 52 ارب 40 کروڑڈالر ادا کردیے ہیں سلامتی کونسل کی قرارداد 692 کے تحت عراق کے ذمے کویت کے واجب الادا مالی معاوضے کا انتظام کے لیے کمیشن قائم کیا گیا تھا اور اس نے گذشتہ برسوں کے دوران میں تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر 5 فی صد ٹیکس کے ذریعے فنڈز اکٹھے کیے ہیں۔ صدام حسین نے 2 اگست 1990 کواپنی فوج کو کویت پر چڑھائی کا حکم دیا تھا اور کویت کوعراق کا انیسواں صوبہ قرار دے کر اس پر قبضہ کرلیا تھا۔ کویت کے جنگی معاوضے کے وصول کنندگان میں عام افراد، کمپنیاں، سرکاری ادارے اور دیگر گروہ شامل تھے۔انھیں عراق کے کویت پر حملے اور قبضے کے نتیجے میں براہ راست نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ اقوام متحدہ کے کمیشن کو گذشتہ 30 سال کے دوران میں کویتیوں کی جانب سے معاوضے کے قریباً 27 لاکھ مطالبات جمع کرائے گئے۔درخواست گزاروں نے قریباً 352 ارب ڈالر ادا کرنے کے مطالبات کیے تھے لیکن انھیں مکمل جانچ پرکھ کے بعد 52.4 ارب ڈالر ادا کیے گئے ہیں۔ باضابطہ طور پر منظور کردہ رپورٹ کے مطابق کویتیوں کو آخری ادائی 13 جنوری کو کی گئی تھی اور اس کی مجموعی مالیت قریباً 63 کروڑ ڈالر تھی۔


































