
تہران : ایران نے اسرائیلی جرائم کی نگرانی اور بین الاقوامی تحقیق و تفتیش کے لیے او آئی سی سیکریٹریٹ میں یونٹ کی تشکیل کے لئے کوششیں تیز کردیں۔ ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر امیر عبداللھیان نے تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر اپنی گہری مشاورت کے تسلسل میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں عبداللھیان نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل کو تجاویز دیں کہ تنظیم کے سیکریٹریٹ کی جانب سے اسرائیلی حکومت کے جرائم کو دستاویزی شکل دینے اور اس مسئلے کے لیے ایک طریقہ کار بنانے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی حکومت کے جرائم کی نگرانی اور بین الاقوامی تحقیق و تفتیش کے لیے سیکریٹریٹ میں ایک یونٹ کی تشکیل کا عمل بہت اہم ہے اور یہ مقصد جنوبی افریقہ کی مدد اور حالیہ اقدامات کے پیش نظر حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ابراہیم طہٰ نے ڈاکٹر امیر عبداللھیان کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور تنظیم کے سیکریٹریٹ کی جانب سے ایران کے ساتھ تعاون کے لیے اپنی ذمہ داریوں کے تحت مکمل آمادگی کا اعلان کیا۔اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل نے اسرائیلی حکومت کی جارحیت اور جرائم میں اضافے کے سائے میں فلسطین کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔


































