
تہران : ایران نے کہا ہےکہ امریکا غیر معقول مطالبات پر اصرار کر رہا ہے۔ جبکہ ایران کی تجویز مکمل طور پر منصفانہ اور تعمیری ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ خطے میں حالیہ جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کی تجویز معقول تھی۔ ایران نے صرف اپنے جائز حقوق اور خطے میں امن کا مطالبہ کیا ہے۔ تہران میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران نے خطے میں جنگ کے خاتمے، بحری راستوں پر مبینہ کارروائیوں کے خاتمے اور منجمد اثاثوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبات نہ صرف ایران بلکہ پورے خطے اور دنیا کے مفاد میں ہیں۔ ایران کی تجاویز کسی رعایت پر مبنی نہیں تھیں بلکہ صرف ملک کے قانونی اور جائز حقوق کی بحالی پر زور دیا گیا تھا۔ جبکہ امریکی موقف ایک ایسے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے جو خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہا ہے۔
واضح رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے سے متعلق امریکی تجویز پر ایران کا جواب مسترد کر دیا۔ امریکی صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ ایران کا جواب پڑھا ہے جو بالکل پسند نہیں آیا۔ یہ مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔


































