
تہران: ایران کی مسلح افواج نے تین نئے ڈرون سسٹمز کی نقاب کشائی کردی۔ ایران کی برّی افواج کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل نوزر نعمتی نے کہا ہے کہ تین جدید ہائی ٹیک ڈرون سسٹمز، ہما، نزاجا اور شاہین اول کواڈ کاپٹر سسٹم فوج کے دفاعی نظام میں شامل کیے گئے ہیں۔ زمینی فوج دفاعی شعبوں میں مائیکرو ایئر کرافٹ، ڈرونز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے ذریعے تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہما ڈرون کی پرواز کی اونچائی 1200 فٹ سے زیادہ ہے جو رن وے کی ضرورت کے بغیر اپنی نائٹ ویژن صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے مشن انجام دے سکتا ہے۔ جنرل نعمتی نے مزید کہا کہ نزاجا ورٹیکلی فلائنگ سرویلنس ڈرون ایک پورٹیبل ڈرون ہے جو اپنی نائٹ وژن صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ہدف کے درست مقام کا سراغ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ڈرون چھ ہزار فٹ کی بلندی کے ساتھ ٹارگٹ کی مختلف قسموں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہین اول کواڈ ایف پی وی ڈسٹرائر سسٹم، مستقبل کے جنگی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے نئے اور جدید نظاموں میں سے ایک ہے، جو آپریشنل رینج، پرواز کی غیر معمولی اونچائی سمیت مختلف آپریشنز کے لیے موزوں ہے اور دشمن کے تمام اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔


































