
تہران : ایرانی طلبہ نے تہران میں سوئیڈش سفارت خانے کے سامنے قرآن کی بیحرمتی کے خلاف شدید احتجاج کیا. طلباء و طالبات نے ہاتھوں میں ایسے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کا ارتکاب کرنے والوں کو سزا دیئے جانے کے مطالبات درج تھے۔مظاہرے میں شریک طلبہ نے کہاکہ قرآن و پیغمبر ہماری ریڈ لائن ہیں، مسلمانوں کی خاموشی قرآن سے غداری ہوگی، مسلم طلبہ دین و قرآن کے حامی ہیں، مظاہرین اسلام اور قرآن کریم کی توہین کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کر رہے تھے۔ طلبہ نے احتجاجی اجتماع کے اختتام پر ایک بیان بھی پڑھ کر سنایا جس میں مسلمانوں کے عقائد اور قرآن پاک کی کھلی بے حرمتی کی شدید مذمت کی گئی۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ طاقت کے عالمی مراکز میں گھس بیٹھے صیہونیوں کی سرپرستی اور منصوبہ بندی کے تحت ، اسلام مخالف اور نسل پرست تنظیمیں، برسوں سے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور ہر بار بے بنیاد بہانوں سے اسلامی مقدسات کی توہین کرکے، مغربی ملکوں میں رہنے والے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے میں مصروف ہیں۔


































