
تہران : ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف خود جہاز اڑا کر بیروت پہنچ گئے۔ بیروت کے دورے کے بعد سوشل پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں قالیباف نے لکھا کہ جنیوا کے دورے اور پارلیمنٹ کے اسپیکرز کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت سے قبل بیروت آیا ہوں تاکہ ولی امر مسلمین اور ایران کے عوام کا پیغام لبنان کے عوام کو پہنچاؤں اور اسی طرح لبنان و فلسطین کے عوام کی مظلومیت اور مزاحمت کا پیغام دنیا تک پہنچا سکوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ لبنان کے عوام اور حکومت اور مزاحمت کے ساتھ ہیں اور مشکل حالات میں پہلے کی طرح ان کے ساتھ رہیں گے۔ باقر قالیباف نے مزید کہا کہ میں غزہ اور لبنان کے عوام کی مظلومیت کا پیغام جنیوا لے کر جاؤں گا تاکہ ہر کوئی مظلوم کی حمایت کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنے فرائض سے آگاہ ہو۔ ہم سب کو فلسطینی اور لبنانی مظلوم عوام کی حمایت کرنی چاہیے۔


































