
واشنگٹن : امریکی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ امریکہ نے قبضے میں لیا ہوا ایرانی جہاز واپس دینے کے لیے پاکستان منتقل کر دیا۔ سینٹ کام ترجمان کیپٹن ٹام ہاکنز نے بتایا ہے کہ ایرانی بحری جہاز ایم وی توسکا ضبط کیے جانے کے بعد عملے کے 22 ارکان سمیت پاکستان منتقل کر دیا گیا۔ سینٹکام ترجمان نے بتایا ہے کہ ایران کے بحری جہاز کو پاکستان منتقل کرنے کا مقصد ایران واپس بھیجنا ہے، اس سلسلے میں تمام اقدامات آج مکمل کر لیے گئے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز 19 اپریل کو امریکی فورسز نے قبضے میں لیا تھا، اسے خلیجِ عمان میں ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کے قریب روکا گیا تھا، پچھلے ہفتے عملے کے 6 افراد کو پہلے ہی واپسی کے لیے خطے کے ایک ملک کے حوالے کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ مال بردار جہاز ایم وی توسکا پر ضبطی کے وقت عملے کے 28 ارکان موجود تھے، یہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کی بڑی علامت بن گیا تھا، اس کی ضبطی نے خلیج میں سکیورٹی، پابندیوں اور سمندری قوانین پر عالمی بحث کو مزید بڑھا دیا ہے۔
ادھر ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے نئے بحری انتظام میں کسی بھی امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا۔


































